ضلع سوات، خیبر پختونخواہ، پاکستان میں واقع ہے۔ یہ اسلام آباد سے تقریباً 314 کلو میٹر دور ہے۔ مالم جبہ قراقرم پہاڑی سلسلے میں ایک پہاڑی مقام ہے۔مالم جبہ پاکستان میں برف کے کھیل کا واحد مرکز ہے۔ یہاں چیر لفٹ اور محکمہ سیاحت کی قیام گاہ بھی واقع ہے۔ اس علاقے میں بدھ مت کے دو سٹوپا اور چھ عبادت خانےبھی ہیں جو اس کے اردگرد وسیع علاقے میں جگہ جگہ موجود ہیں۔ ان نشانات کی اتنی اونچائی پر موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ علاقہ تقریباً 2000 سال سے آباد ہے۔ اس سیاحتی جگہ کے اردگرد پیدل چلنے کے راستے بھی موجود ہیں، ایک راستہ وادی غربند اور شانگلہ ٹاپ سے گزرتا ہے اور ریسورٹ سے تقریباً 18 کلو میٹر کے فاصلے سے شروع ہوتا ہے، جبکہ دوسرا وادی سبونیو سے گزرتا ہے اور ریسورٹ سے 17 کلومیٹر کے فاصلے سے شروع ہوتا ہے۔