What's new

"عید اور ہمارے آزاربند"

Imran Khan

PDF VETERAN
Joined
Oct 18, 2007
Messages
68,815
Reaction score
5
Country
Pakistan
Location
Pakistan

"عید اور ہمارے آزاربند"
اللہ بخشے دادی حضور کو،جس دن آخری روزہ ہوتا تھا وہ اپنا ٹین کا صندوق کھول کر آخروٹ کی خشک چھال نکال لیتی،جس کو دانداسہ کہا جاتا تھا۔ بہووں کے اوپر احسان عظیم کرکے انگلی برابر دانداسہ دیتی کہ جاو اپنے دانتوں پر مل لو دانت بھی صاف ہوجائیں گے اور ہونٹ بھی لال ہوجائیں گے۔ خود مہندی کی تھال نکال کر دادا حضور کی داڑھی اور سر کے بال رنگنا شروع کردیتی اور بعد میں بچی کچی مہندی اپنے سفید بالوں پر مل لیتی تھی۔
الغرض چاند رات پورا گاوں ملنے میں جتا ہوتا تھا۔ کوئی بالوں پر مہندی ملتا تھا، کوئی ہونٹوں پر دانداسہ ملتا، کوئی اپنے منکوحہ کے منہ سے منہ ملتا اور جن کے بستر خالی ہوتے یا کنوارے ہوتے وہ صرف ہاتھ ملتے۔
اگلی صبح بیویاں بعد از نماز شوہروں اور بچوں کو کچی مٹھائیاں کھلا کر، اپنے چہروں پر ٹالکم پاوڈر مل لیتی اور لپ اسٹک اپنے رخساروں پر کہ رخسار بشکل انگارہ دہکتے رہیں،نئے کپڑے پہن کر کچے صحن میں پلاسٹک کے چپل پہن کر اتراتی پھرتیں اور شوہر خواب ناک نظروں سے ان کو تکتے رہتے کہ جلد از جلد بچوں کو عیدی دیکر اپنی بیوی کو کس کر گلے لگا سکے کیونکہ پورا سال ڈھور ڈنگروں کے آپلوں سے لتھڑی بیویاں آج پڑوس کی بیویاں لگتیں اور مزید پرکشش لگتیں-
نوجوان لڑکیاں اپنے محبوب کو سفید رومال پر کڑھائی کرکے لال دھاگوں سے دل کا نشان کاڑھ کر اور دل کے بیچ ایک تیر آر پار کرکے محبوب کو اپنا حال دل سنانے کو بے تاب ہوتیں۔ یا محبوب کو نسوار کی ایک گول ڈبیہ جس میں شیشہ لگا ہوتا تھا تحفتا دیتی کہ محبوب کیلئے دنیا میں سب سے قیمتی شئے نسوار ہی ہوتی تھی۔
بعد از نماز مغرب جب کہیں آس پاس گاوں سے فائرنگ کی آوازیں نہ آتی تو عید کی کنفرمیشن کیلئے لوگ پہاڑوں میں واقع دور دراز گاوں سے نوجوان پارٹیاں پانچ دس کلومیٹر دور مرکزی بازار اجاتے اور کچھ لوگ چندہ ڈال کر ایک پک آپ ہائیر کرکے بنوں کی طرف نکل جاتے کہ خبر لائی جاسکے کہ کل عید ہے یا روزہ رکھنا ہے۔
بنوں اور وزیرستان والے چاند دیکھنے میں اتنے ماہر تھے کہ کئی بار تو سعودی عرب سے ایک دو دن پہلے عید منا بیٹھے تھے۔ ایک دفعہ مسلسل تین دن سے بارش ہورہی تھی اور تین دن سے آسمان پر کالے بادل چھائے ہوئے تھے کہ بنوں والوں نے عید منانے کی خبر سنا دی کہ آٹھ شہادتیں موصول ہوئیں ہیں کہ چاند دیکھا گیا ہے۔ سالوں بعد جب سائنس نے ترقی کی تو اس مولوی کو کچھ لوگوں نے گھیرا کہ بادلوں میں شوال کا چاند کس مرد مومن کو دیکھائی دیا تھا۔ مولوی صاب نے معصومیت سے سات گواہوں کا ایڈریس دیا جو مسلسل تیس سالوں سے قسم اٹھا کر چاند کی شہادت دیتے آرہے تھے۔ معلوم ہوا کہ ان سات گواہوں کی بیویوں کے نام چاند بی بی تھے اور وہ قسم اٹھا کر مولوی صاب کو شہادت دیتے تھے کہ انھوں نے چاند کو دیکھا ہے۔
عید کی صبح نوجوان لڑکے انکھوں میں سرمہ ڈال کر، سر پر سرسوں کا تیل لگاکر، کندھوں یا سر پر رنگین عربی رومال باندھ کر، شلوار میں رنگین آزار بند ڈال کر اور قمیض کے چاک سے آزاربند کا پھولدار پھمن باہر نکال کر لٹکاتے پھرتے تھے۔ جس نوجوان کا پھمن جتنا بھاری اور پھولدار ہوتا اس کو اتنی داد ملتی۔
شام کو گاوں کے بیچ چوک میں ایک چارپائی کھڑی کردی جاتی اور ایک کلومیٹر دور پہاڑی کے چوٹی پر ایک چھوٹا سا آئینہ رکھ دیا جاتا اور گاوں کے سب نوجوان اور بوڑھے بان کی چارپائی کیساتھ بندوق کی نال ٹکا کر آئینے پر شست لگا کر گولی چلاتے جو بھی آئینہ کو ہٹ کرتا ان کو پانچ سو روپے بطور انعام ملتا اور اس بندے کو عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا اور شادی بیاہ میں خواتین اس مرد کو اپنے ٹپہ یا چاربیتہ میں خراج تحسین پیش کرتیں۔
عید کے دن خواتین اپنے اپنے میکوں کو جاتی اور شام کو واپسی پر سر پر ایک ٹوکرا جو میکے والے تحفتا اپنی بیٹی اور بہن کو دیتے تھے، سر پر لادے اور ساتھ میں آٹھ دس بچے بغلوں میں دیسی مرغیاں پھنسائے خراماں خراماں اپنے اپنے گھروں کی طرف رواں دواں ہوتے۔
عید کی شام خوبصورت لختئیوں کے رنگ ڈھنگ دیکھنے والے ہوتے۔ ہلکی بھیگی مسوں کے نیچے دانداسہ ملے لال ہونٹ اور تنگ قمیض پہنے ایک نزاکت سے قدم اٹھاتے وہ جب گاوں کے بازار میں وارد ہوجاتے تو باخدا مرد اپنے دل تھام کر رہ جاتے اور جو بوڑھے ہوتے وہ فقط اپنا دل مسوس کر رہ جاتے۔ گاوں کے بازار میں ہر بندے کی کوشش ہوتی کہ اس کا لختئی سب سے حسین نظر آئے سو اترا اترا کر خوبصورت لختئیوں کی جیسے کیٹ واک ہوتی - اس کیٹ واک کو رونق دینے والے ایسے شوقین مزاج مرد بھی ہوتے ، جنہوں نے اپنی جمع پونجی اور جائیداد تک ان لختئیوں کے عشق میں گنوا دیی ہوتی تھی، سو وہ اپنی پھٹی پرانی جوتیاں چٹخاتے اور پیوندزدہ کپڑے پہن کر عید کے دن بھی اپنے لختئ کو مقابلہ حسن جتوانے میں عزت سادات سے بھی ہاتھ دھو لیتے تھے۔ مجھے یاد ہے ایسی ہی ایک عید کی شام ہمارے تایا جان الحاج اکبر زمان خان اور اس کے منجھلے بیٹے کے درمیان بیچ بازار میں گرما گرمی ہوئی اور ایک دوسرے پر پستول تان لئے گئے۔ معلوم ہوا کہ تایا کے لختئی پر اس کا منجھلا بیٹا شیر عباس خان عاشق ہوا تھا۔اور تایا جان نے بھرے بازار میں بیٹے کا گریبان پکڑ کر کہا ،
"اگر مرد ہو تو اپنا لختئی ڈھونڈ لو۔شرم نام کی کوئی شئے ہے تیرے اندر کہ باپ کے لختئی پر نظر رکھے ہوئے ہو"۔
اس دن مجھے اسلامی تاریخ کی سمجھ آگئی تھی کہ ہمارے بادشاہوں کے خاندان میں ایک دوسرے کے خون کی پیاس کے پیچھے یہی محرکات ہی دراصل زوال کی پہلی وجہ تھی۔
اب الحمداللہ میرے گاوں میں اسلام آگیا ہے۔ بیویاں گھروں سے باہر نہیں نکلتیں کہ اسلام میں پردہ لازم ہے۔ بندوق جس سے نشانہ بازی کیجاتی تھی اجکل شریعت کی نفاذ کیلئے آگ اگل رہی ہے۔ لڑکیاں اب اپنے محبوب کو رومال پر کڑھائی کرکے دل بنا کر نہیں بھیجتیں بلکہ اسمارٹ فون سے وٹس ایپ پر کال کرکے سینے کے اندر ڈھڑکتا دل دکھانے کی لائیو کوشش کرتی ہیں۔ لختئی تو ڈھونڈنے سے بھی نہ ملیں کہ جس کو دیکھو تحریک انصاف کا جھنڈا لیکر تبدیلیوں کی نوید سنا رہے ہیں، باقی ٹک ٹاک کے مشہور "گائیز" بن چکے ہیں

رہے پھولدار آزار بند تو وہ اجکل خواب ہوگئے ہیں کہ مردوں نے شلواروں میں اب الاسٹک ڈالنی شروع کردی ہیں۔

 
Back
Top Bottom